Tabeer ur Royaتعبیر الرویا

Khwab mein barish dekhnay ki tabeer

خواب میں بارش (باران) دیکھنے کی تعبیر

حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ بارش خواب میں حق تعالیٰ کی طرف سے بندوں پر رحمت اور برکت ہے جب عام بارش ہو اور سب جگہ پہنچے۔ فرمان حق تعالیٰ ہے :

وَہُوَ الَّذِیْ یُنَزِّلُ الْغَیْثَ مِنْ م بَعْدِ مَا قَنَطُوْا وَیَنْشُرُ رَحْمَتَہٗ

”اسی کی ذات پاک ہے جو ناُامیدی کے بعد بارش برساتا ہے اور اپنی رحمت کو پھیلاتا ہے۔ ‘‘

اور بارش کا وقت پر دیکھنا بہت اچھا ہے خاص کر جب لوگ بارش کو چاہیں تو نہایت نیک ہے ، لیکن اگر خاص سخت بارش صرف اپنے کوچہ میں دیکھے کہ اس کے سوا ء اور کہیں نہیں برسی ہے تو اہل موضع پر رنج اور بیماری کی دلیل ہے ، اور اگر دیکھے کہ بارش آہستہ آہستہ ہو رہی ہے تو اہل موضع پر خیر برکت ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اول سال یا اول ماہ بارش برس رہی ہے تو دلیل ہے کہ اس سال اور اس ماہ میں فراخی نعمت زیادہ ہوگی اور اگر دیکھے کہ بارش سخت اور سیاہ ہے تو دلیل ہے کہ بیماری پر ہے کہ اس میں ہلاک ہوگا۔

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں سخت بارش دیکھے کہ اپنے وقت پر برسی ہے تو دلیل ہے کہ ان دنوں میں رنج و بلا کا لشکر آئے گا۔اور اگر دیکھے کہ آب باراں سے مسح کرتاہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ خوف و غم سے امن میں رہے گا۔اور اگر خواب میں دیکھے کہ بارش اس کے سرپر برستی ہے تو دلیل ہے کہ وہ سفر کو جائے گا اور خیر و نفع کے ساتھ واپس آئے گا۔ اور اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ بارش لوگوں کے سروں پر طوفان کی طرح برستی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس ملک میں خدانخواستہ ناگہانی موت آئے گی اور اگر دیکھے کہ بارش کے ہر ایک قطرے سے آواز آتی ہے تو دلیل ہے کہ اس کے مرتبے اور عزت کی آواز زیادہ ہوگی۔اور اگر دیکھے کہ بارش کے پانی کے ساتھ مسح کرتاہے تو دلیل ہے کہ خوف اور دہشت سے امن میں ہوگا، اور اگر خواب میں دیکھے کہ بہت بڑی بارش ہو رہی ہے اور تمام نہریں جاری ہوگئی ہیں اور اس کو نقصان نہیں پہنچا ہے تو دلیل ہے کہ بادشاہ سختی کرے گا اور صاحب خواب اس کے شر سے محفوظ رہے گا، اور اگر دیکھے کہ ان نہروں سے گزر نہیں سکتا ہے تو دلیل ہے کہ بادشاہ کی شرارت کو اپنے آپ سے دور کرے گا۔اور اگر دیکھے کہ پانی ہواسے بارش کی طرح آتاہے تو دلیل ہے کہ حق تعالیٰ کاعذاب اور بیماری اس جگہ ظاہر ہوگی۔

حضرت کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر بارش کی جگہ شہد کو برستاہوا دیکھے تو دلیل ہے کہ نعمت اور غنیمت اس ملک میں بہت ہوگی اور جو چیز کہ آسمان سے برستی ہوئی دیکھے تو اس کی تاویل اس چیز کی جنس سے ہے اور اگر دیکھے کہ بارش کاپانی پیتاہے اور وہ پانی صاف اور روشن ہے تو دلیل ہے کہ اس کو اسی قدر خیر اور راحت پہنچے گی اور اگر دیکھے کہ بارش کاپانی سیاہ اور بے مزہ ہے تو دلیل ہے کہ اسی قدر بیماری اور رنج اٹھائے گا۔

حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں بارش کا دیکھنابارہ وجہ پر ہے:

  1. رحمت
  2. برکت
  3. فریاد
  4. رنج و بیماری
  5. بلا
  6. لڑائی
  7. خون بہانا
  8. فتنہ
  9. قحط
  10. امان پانا
  11. کفر
  12. جھوٹ

Related Articles

Back to top button